بارہ سنگھا شکاری کی رائفل لے کر بھاگ گیا!

چیکوسلواکیہ کے ایک دیہات میں بارہ سنگھا شکاری کی رائفل سینگوں سے چھین کر فرار ہوگیا۔ فوٹو: فائل

جمہوریہ چیک: شکاری کو اس وقت خفت اٹھانا پڑی جب ایک بارہ سنگھا نے اس کی رائفل کو اپنے سینگ میں اڑا لیا اور تیزی سے بھاگ کھڑا ہوا۔ تاہم بہت کوشش کے باوجود رائفل کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

جمہوریہ چیک کے ایک گاؤں ہورنی پلانا میں ایک شکاری کی 0.22 ہارنیٹ رائفل اس وقت بارہ سنگھا ہرن کے ہتھے بلکہ سینگھوں چڑھ گئی جب وہ اپنے شکار میں مصروف تھا۔ یہ گاؤں جنوبی بوہیمیا میں واقع ہے۔

پولیس کی جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ شکاریوں کا ایک گروہ ہانکا لگانے والے کتوں کے ساتھ تھا۔ جیسے ہی شکاری کتوں نے ہرنوں اور بارہ سنگوں کو گھیرنا شروع کیا تو اچانک قریبی جھاڑیوں سے ایک بارہ سنگھا دوڑتا ہوا سیدھا ایک شکاری کی جانب آیا۔ بارہ سنگھا شکاری کا تعاقب کرتا ہوا آگے بڑھا اور اس کی آستین میں سینگ اڑادیئے جس سے خراشیں آئیں۔ تاہم اسی مڈھ بھیڑ میں رائفل ہاتھوں سے نکل کر بارہ سنگھے کے کئی سینگوں میں اٹک گئی اور وہ اسے لے کر غائب ہوگیا۔