"کورونا تیزی سے پھیل رہاہے، عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں" ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کردیا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں 7 سے 8 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ وبا پر قابو پانے کے لیے قوم کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بڑے شہروں میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، عوام ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔ کورونا کیسز میں اضافے سے ہسپتالوں پر بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ویکسین کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چھوڑ دیا جائے۔