این سی او سی سربراہ اسد عمر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

این سی او سی سربراہ اسد عمر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او کے سربراہ اسد عمر میں مہلک کورونا وبا کی تشخیص ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسد عمر کی جانب سے کروائے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے مہلک وبا کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے آج ہی معاشی ٹیم کی میٹنگ میں شرکت بھی کی تھی، اب ان میں کورونا کی تشخیص کے بعد اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا فوری کرونا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 84 انتقال کر گئے جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔