Weather Update.!

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دسمبر سے فروری تک ملک میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ آئندہ ماہ جنوری میں بھی جاری رہے گا جب کہ درجہ حرارت بھی معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالہ سے مزید کہا ہے کہ زیادہ دھند پڑنے سے فصلوں کی افزائش اور نقل وحمل متاثر ہو گی اور شدید سردی کے دنوں میں ایندھن کی طلب بڑھ جائیگی۔
رپورٹ کے مطابق وسط جنوری تک زیادہ اوس پڑنے سے پھلوں اور سبزیوں کی کاشت اور افزائش بھی متاثر ہو گی۔ دوسری جانب لاہور کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں بارش ہونے اور اس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا ایک چھوٹا سا سسٹم لاہور میں داخل ہونے جا رہا ہے جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بارش سمیت شہر میں بادل چھائے رہنے اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ روز شہر میں سورج نکلنے سے درجہ حرارت میں اضافہ اور ٹھنڈی ہوئیں چلنے سے موسم خوشگوار رہا جبکہ آج بروز ہفتہ بھی موسم اسی طرع خوشگوار رہنے کا امکان ہے اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 3اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی مزید سردی کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دن کے اوقات میں سردی کی شدت میں کمی سے درجہ حرارت میں 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ دن بھر موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات جانب سے آئندہ دنوں شہر میں مزید سردی بڑھنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہرقائد میں دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں 161 مضر صحت ذرات موجود ہیں۔ گرد آلود ہواوں کے باعث ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔